
حیدرآباد ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاع سراسر غلط ہے۔ راجندر نگر کے بی آر ایس رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے خیر سگالی ملاقات کی تھی۔
اتوار کے دن وہ چیف منسٹر کی قیام گاہ پہنچے قریب آدھے گھنٹے تک ان کے درمیان بات چیت ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ پرکاش گوڑ پارٹی تبدیل کر رہے ہیں۔ پرکاش گوڑ نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کی خبروں میں حقیقت نہیں ہے۔
پرکاش گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے کے پس پردہ کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے ،وہ اپنے حلقہ میں اراضیات کے مسائل کی یکسوئی کے سلسلے میں چیف منسٹر کی قیام گاہ گئے تھے، ساتھ ہی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈس منظور کرنے کی چیف منسٹر سے خواہش کی گئی۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ ان کی خواہش پر چیف منسٹر نے مثبت رد عمل ظاہر کیا۔
واضح رہےکہ اس سے پہلے بی آر ایس ، کے 4اراکین اسمبلی نے بھی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے ملاقات کی تھی۔ اور ان چاروں ایم ایل ایز پر بھی کانگریس میں شامل ہونے کی افواہوں کا بازار گرم تھا۔اُنھوں نے بھی ان خبروں کی تردید کی تھی۔