
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی میں کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے ریونت ریڈی زیر قیادت کانگریس کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ حیدرآباد میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔۔ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے دعویٰ کیا کہ ریاستی دارالحکومت میں جرائم کی شرح قابو سے باہر ہو رہی ہے۔
اکبرالدین اویسی نے امن برقرار رکھنے کے حکومت کے دعوؤں کی نفی کرتے ہوئے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے ثبوت کے طور پر حیدرآباد میں ایک دن میں ہوئے تین قتلوں کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے پولیس پر تنقید کی کہ وہ مجرموں کو پکڑنے کے بجائے گھروں کے پاس چلنے پھرنے اور کھڑے ہوئے شہریوں پر لاٹھی چارج کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ پولیس افسران اکثر رات کی شفٹوں میں کام کرنے کے بعد دن کے وقت سوتے ہوئے پائے جاتے ہیں، جس سے شہر دن کے وقت جرائم کا شکار ہو جاتا ہے۔
ایم آئی ایم لیڈر نے پولیس پر شہریوں کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا، جس میں آئی ٹی پیشہ ور افراد اور مریضوں کو پولیس کی بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے حیدرآباد میں دوستانہ پولیسنگ کی کمی کو اجاگر کیا اور پولیس فورس پر تنقید کی کہ وہ چرس جیسے منشیات کے بہاؤ کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
اکبرالدین اویسی نے الزام لگایا کہ محکمہ پولیس میں رشوت خوری عروج پر ہے، یہاں تک کہ یہ دعویٰ کیا کہ ایک اے سی پی نے پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے لیے چندہ کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پولیس فورس کے اندر بدعنوانی کے مسئلے کو حل کرے۔ انہوں نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا، خاص طور پر منشیات سے متعلق جرائم اور نابالغوں کے خلاف جنسی زیادتیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی۔ تاکہ ریونت ریڈی حکومت میں حیدرآباد میں امن و امان کو بر قرار رکھا جا سکے۔
اکبر اویسی نے کہاکہ آنے والے دنوں میں جی ایچ ایم سی الیکشن ہے۔ اگر شہر کے امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہ ہوئی تو حکمراں پارٹی کو بھاری نقصان ہوگا۔ اویسی نے حکمراں جماعت پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ شہر کے اسمبلی حلقوں میں کانگریس کا ایک بھی ایم ایل اے نہیں ہے۔ اس لئے اُدھر کے لوگوں کو ادھر لینا پڑھ رہا ہے۔ اویسی کا اشارہ بی آر ایس کے اراکین اسمبلی اور کونسل کی کانگریس میں شمولیت پر تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
واضح رہےکہ حیدرآباد میں لا اینڈ آڈر کی بگڑ تی صورتحال پر اسمبلی میں بی آر ایس لیڈر ٹی ہریش راؤ نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اور حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کروائی تھی۔
واضح رہےکہ ایک رات میں تین قتل کی خبرکوآپ کے اپنے ویب سائیٹ ،تلنگانہ خبر، نے نمایاں طور پر شائع کیا تھا۔ اور عوام کی آواز کو حکمراں طبقہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔ اور اکبر الدین اویسی نے اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھایا۔ امید کی جاتی ہے کہ حکومت ٹھوس اقدامات کرتےہوئے، شہر میں جاری قتل کے واقعات کو روکنے کی کوشش کرے گی۔ شہر حیدرآباد کو امن کا گہوارہ بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
One Comment
[…] ایک دن میں تین قتل کی گونج اسمبلی میں سنائی دی۔حیدرآباد… […]