
حیدرآباد۔ 12جون وزیرصحت و خاندانی بہبود دامودر راج نرسمہا نے کہا ہے کہ عنقریب اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کے لئے ڈی ایس سی امتحان منعقد کیاجائے گا۔ انہوں نے آج سنگاریڈی ضلع کے رائیکوڈ گاوں میں بڈی باٹا پروگرام کے تحت رائیکوڈ اسکول کے احاطہ میں شجرکاری کے پروگرام میں حصہ لیا۔ بعدازاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنے وعدہ کے مطابق سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ہی ٹیٹ امتحان کے نتائج جاری کئے اور بہت جلد ڈی ایس سی امتحان منعقد کرتے ہوئے اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت حکومت نے اماں آدرش پاٹھاشالہ پروگرام شروع کیاہے جس کے تحت ریاست کے 25ہزار سے زائد سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے لئے حکومت نے سینکڑوں کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کوخانگی اسکولوں کی طرز پر ترقی دی جارہی ہے۔ سرکاری اسکولوں میں داخلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وزیرموصوف نے دسویں جماعت میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو تہنیت پیش کی۔