
حیدرآباد: تلنگانہ میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے ندیاں اور آبی ذخائرلبریز ہو کر بہہ رہے ہیں۔ ریاست کے بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے اشوا راؤ پیٹ میں پدا واگو ڈیم سے پانی کے اچانک اخراج کے بعد وہاں تقریباً 20 لوگ پھنسس گئے جنہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک ویڈیو میں پھنسے ہوئے لوگوں کو درختوں پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ شدید بارش سے علاقے میں سیلاب آ گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی حکام فوری طور پر حرکت میں آگئے۔پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لئے دو ہیلی کاپٹرس کی خدمات لی گئی۔ وزیر تملا ناگیشور راؤ چیف منسٹر کے دفتر (سی ایم او) سے رابطہ میں ہیں، اور پھنسے ہوئے کارکنوں کے لیے ہیلی کاپٹر سے بچاؤ آپریشن کا حکم دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور ریسکیو ٹیموں کو مدد کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
بھدرادری کوٹھا گوڈیم ضلع میں مسلسل بارش نے بھدراچلم میں دریائے گوداوری کی بلندی 21 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس سے سڑک کے رابطے میں خلل پڑا ہے اور بجلی بند ہو گئی ہے۔ شدید بارشوں نے کوئلے کی پیداوار کو بھی متاثر کیا ہے، سیلاب کی وجہ سے کئی کانوں میں کام معطل ہے۔ حکام نے اگلے تین دنوں کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔