
آسام میں سی اے اے کے نفاذ کے خلاف ریاست کی اپوزیشن پارٹیوں نے ریاست گیرسطح پر بند منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ متحدہ اپوزیشن فورم آسام (یو او ایف اے) نے اعلان کیا ہے کہ متنازعہ قانون کے نفاذ کے اگلے دن ریاست گیر بند کی اپیل کی جائے گی اوراگلے دن جنتا بھون یعنی سکریٹریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
اسی اثنا میں آسام کے ڈی جی پی گیانیندر پرتاپ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گوہاٹی ہائیکورٹ کے ایک حکم نامہ کے دو صفحات کو شیئر کیا ہے جو کہ بند سے متعلق 2019 کے ایک فیصلہ سے جڑا ہے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ آسام کی جی ایس ڈی پی 565401 کروڑ روپے ہے۔ ایک دن کے بند سے تقریباً 1643 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ اس نقصان کو ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق بند کی اپیل کرنے والوں سے وصول کیا جا سکتا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کا کہنا ہے کہ مرکز سیاہ قانون نافذ کرے گا اور اگر ہم مخالفت کریں گے تو نقصان اٹھانے کی سزا ہمیں ملے گی؟