
ان دنوں اکثریہ دیکھا جارہا ہے کہ سڑک حادثات کے بعد یا تو لوگ سیلفیاں لے رہے ہیں یا پھرحادثہ کا شکار گاڑیوں سے مال لوٹ کرفرارہورہے ہیں۔اسی طرح کا واقعہ ریاست تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں پاس پیش آیا۔
ریاست مہاراشٹرا کے ناگپور شہر سے سنترے کا لوڈ لے کر حیدرآباد جانے والی لاری حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے بعد مقامی لوگ پھل لوٹ لینے کیلئے امڈ پڑے۔ یہ حادثہ موضع کپٹی کے پاس پیش آیا۔
سنترے کے لوڈ سے لدی لاری کے الٹ جانے کے نتیجہ میں سنترے سڑک پر گرگئے، مقامی افراد کو جیسے ہی اس بات کی اطلاع ملی وہ تھیلے لے کر سنترے لوٹ لینے کیلئے وہاں پہنچ گئے۔ وہاں موجود کسی شخص نے اس منظر کی اپنے فون میں فلمبندی کی اوریہ ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔