
نظام آباد ۔رکن قانون ساز کونسل اوربی آرایس لیڈر،کے کویتانے کہاکہ جمہوری عمل میں نوجوان بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔ حق رائے دہی سے بہرصورت استفادہ کیاجائے ۔تعلیم یافتہ طبقہ اورنوجوان اگر ووٹ کا استعمال نہیں کریں گے تب نا اہل افراد سیاست میں داخل ہوجائیں گے ۔ وہ نظام آباد میں کالج کے طلبہ سے خصوصی بات چیت کررہی تھیں۔
کویتا نے کہاکہ اگر ووٹ نہیں دیاجائے گا تب سوال کرنے کابھی حق حاصل نہیں رہےگا اورجمہوری نظام کمزور ہوجائے گا۔جمہوریت جتنی مضبوط ہوگی ملک اتناہی مستحکم ہوگا۔سوچ سمجھ کرجمہوری حق سے استفادہ کیاجائے ۔آزادی کے تحفظ کیلئے اور اپنے پسندیدہ امیدوارکے انتخاب میں ووٹ ہتھیارکے طورپراستعمال کیاجائے۔ ووٹ کو ضائع نہ کیاجائے ۔کویتا نے طالبات کو مشورہ دیاکہ وہ سوشیل میڈیاکامثبت سوچ اور فکرکے ساتھ استعمال کریں۔ روزانہ اخبارات کا مطالعہ کریں ۔طلبہ سماج کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کوسمجھیںاورملک کے روشن مستقبل کیلئے جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں انوکھے طرزکی لڑائی ہے انہوں نے کہاکہ تجارت کے پس پردہ ہمیں جغرافیائی سیاست کوبھی سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بدل رہی ہے۔ ملک کے تحفظ کیلئے سب کا تعاون ناگزیر ہے ۔ کویتا نے کہاکہ تلنگانہ میں زرعی شعبہ میں انقلاب برپا کیاگیا اور کالیشورم پراجکٹ کی تعمیرعمل میں لائی گئی ۔انہوں نے کہاکہ سیاست میں تنقیدیں کی جاسکتی ہیں تاہم الزامات عائدکرنے سے پہلے کم ازکم حقائق کاجائزہ لیناچاہئے۔
کویتا نے روزگار، ملازمت، سبسڈی، اسکالرشپ، سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کئے جا رہے پروگرام کی تفصیل پیش کی ۔انھوں نے کہاکہ بی آرایس مثبت سوچ وفکر کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے لہذا عوام کوبی آرایس کو ووٹ دیناچاہئے۔کویتا نے واضح کیاکہ ریاستی حکومت سوشیل میڈیاکے ذریعہ لڑکیوں کوہراسانی کے خلاف سخت کاروائی کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج مصنوعی ذہانت کااستعمال کرتے ہوئے جعلی تصاویراور ویڈیوز بنائی جارہی ہیں۔ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ملک میں قانون سازی کی ضرورت ہے ۔ کویتا نے کہاکہ وہ اس معاملے میں قانون سازی کیلئے بھی جدوجہد کریں گی ۔انہوں نے کہاکہ سائبر سیکیوریٹی کے بارے میں بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں کویتا نے کہاکہ آبادی کے تناسب کے مطابق تحفظات کو نافذ کیاجاناچاہئے ۔