
وزیر ریونیو و اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی سے تلنگانہ ریونیو ایمپلائز سروسز ایسوسی ایشن کے قائدین نے ملاقات کرتے ہوئے انتخابات کے دوران تبادلہ ہونے والے تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں کو واپس ان کے پرانے ضلع میں تبادلہ کرنے کی درخواست کی۔ اس خصوص میں اسوسی ایشن کے صدر رویندر ریڈی کی قیادت میں اسوسی ایشن کے قائدین نے وزیر ریونیو سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ان قائدین نے وزیر موصوف کو بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے یہ روایت رہی ہے کہ انتخابات کے دوران ہونے والے تبادلے کے بعد دوبارہ ان ملازمین کو ان کے سابقہ کام کے مقام پر تبادلہ کیا جاتا ہے اس معاملے کو قبل ازیں ہی اسوسی ایشن نے سی سی ایل اے کی توجہ دہانی کرائی ہے انہوں نے کہا کہ ملازمین کافی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اس لئے انھیں دوبارہ ان کے مقام پر تبادلہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔اسوسی ایشن کے قائدین نے کہا کہ محکمہ ریونیو میں وی آر او اور وی آر اے کا نظام ختم کرنے کی وجہ سے انتخابات کے عمل کو انجام دینے کے لئے کافی دشواری پیش آئی ہے وی آر اے اور وی آر او کو ان کی خواہش کے مطابق محکمہ ریونیو میں ان کی خدمات حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے اور انہیں ان کے آبائی مقام پر کام کرنے کی سہولت دی جائے۔
۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف سرینواس ریڈی نے یقین دلایا کہ الیکشن کے دوران جن تحصیلداروں کا تبادلہ کیا گیا تھا ان کے دوبارہ تبادلوں پر جلد فیصلہ کیا جائے گا اور وی آر او ، وی آر اے کے مسائل کو متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کرکے حل کیا جائے گا۔ وزیر سے ملاقات کرنے والوں میں اسوسی ایشن سنٹرل کمیٹی کے صدر ونگا رویندر ریڈی، نائب صدر کے نرنجن راؤ، نظام آباد ضلع صدر رمن ریڈی، سکریٹری وینو، وی آر او اسوسی ایشن کے صدر گولکنڈہ ستیش اور دیگر شامل تھے۔