
بی آر ایس پارٹی نے سرسلہ کوآپریٹیو اربن بینک کے چیئرمین کے عہدے پر کامیابی حاصل کرلی ۔آر لکشمی نارائنا کو متفقہ طور پر چیئرمین اور اے مرلی کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے ایک ایک پرچہ نامزدگی داخل ہوئی جس کی وجہ سے دو عہدے اتفاق رائے سے منتخب کرلئے گئے۔ اس دوران بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سرسلہ کے رکن اسمبلی تارک راماراو نے نو منتخب چیرمین اور وائس چیئرمین کو مبارکباد دی۔بینک کے 12 ڈائرکٹرس کے عہدوں کے لیے جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں، بی آر ایس پارٹی کی تائیدی 8 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی، جب کہ دو آزاد ، بی جے پی اور کانگریس کے ایک ایک امیدوار نے بھی کامیابی حاصل کی۔ جیتنے والے دو آزاد امیدواروں میں سے ایک ڈائرکٹر ستیانندم نے بی آر ایس کے لیے اپنی تائید کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی بی آر ایس کے ڈائرکٹرس کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ اس لئے آج چیرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے صرف بی آر ایس پینل نے ہی اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے ۔ دو عہدوں کے لیے ایک ایم ہی پرچہ نامزدگی داخل ہونے پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب متفقہ طور پر ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر کی حکمت عملی اربن بینک کے انتخابات میں رنگ لائی۔ الیکشن سے دو دن پہلے انہوں نے شخصی طور پر ووٹروں کو فون کیا اور ان سے پارٹی کے تائیدی امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ کے ٹی آر کی طرف سے کی گئی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے رائے دہندوں نے بی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا۔ کے ٹی آر نے اس پر ان کا شکریہ ادا کیا۔