
حیدرآباد۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کنٹونمنٹ رکن اسمبلی لاسیہ نندیتا کی اچانک موت پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں چیف منسٹر نے کہا کہ نندیتا کے والد آنجہانی سائنا کے ساتھ ان کے دوستانہ روابط تھے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ گزشتہ سال اسی مہینہ میں نندیتا کے والد کی موت ہو گئی تھی اور اسی ماہ نندیتا کی بھی موت ہوئی جو کہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔
ریونت ریڈی نے لاسیہ نندیتا کے ارکان خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔اسی دوران ریاستی وزراء بھٹی وکرا مارکا، اتم کمار ریڈی، شریدھر بابو، جوپلی کرشنا راؤ نے بھی رکن اسمبلی کی موت پر رنج کا اظہار کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کم عمر میں لاسیہ نندیتا کی اچانک موت کی اطلاع سن کر انھیں بہت تکلیف پہنچی ہے۔