
ہائی کورٹ کے عبوری احکامات پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے اقامتی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی ملازمت کے خواہشمندوں نے وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی کی رہائش گاہ کے سامنے گھٹنے ٹیک کر انوکھا احتجاج کیا۔اپنے مطالبات کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے مظاہرین نے حال ہی میں منتخب ایم ایل سی تین مارملنا کی گاڑی کو وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر روک دیا۔ تین مارملنا نے امیدواروں سے کہا کہ وہ وزیراعلی سے رابطہ قائم کریں گے اور ملاقات کا انتظام کروائیں گے۔گزشتہ 10 دنوں میں امیدواروں کا یہ دوسرا احتجاج ہے۔ریاست بھر سے اساتذہ کی ملازمتوں کے خواہشمند اپنے مسئلہ کو پیش کرنے اور اسے حل کرنے کی امید کے ساتھ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچے تاہم انہیں وزیراعلیٰ سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ہائی کورٹ نے اپنے عبوری احکامات میں مظاہرین کے مطابق، حکومت کو ہدایت کی کہ وہ ڈگری لیکچرار، جونیئر لیکچرار، پوسٹ گریجویٹ اساتذہ، تربیت یافتہ گریجویٹ اساتذہ، لائبریرین اور فزیکل ڈائریکٹر کی نان جوائننگ، فال آؤٹ یا چھوڑی ہوئی ملازمتوں پر قابل امیدواروں کے تقرر پر غور کرے۔