
میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے منعقدہ نیٹ امتحان کے تنازعہ کے درمیان، بہار سے گرفتار چار افراد نے اعتراف کیا ہے کہ داخلہ امتحان کا سوالیہ پرچہ امتحان سے ایک روز قبل لیک ہوا تھا۔
نیٹ کا سوالیہ پرچہ لیک ہونے اور 1,500 سے زیادہ طلباء کو دیے گئے گریس مارکس دینے کے الزام میں طلباء نے شدید احتجاج کیا۔ جس کے نتیجے میں گریس مارکس کو ختم کر دیا گیا اور طلباء کو دوبارہ ٹیسٹ کی پیشکش کی گئی، اور وزیر تعلیم نے پیپر لیک ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیا تھا لیکن بہار سے گرفتار کیے گئے چار افراد کی شناخت انوراگ یادو، نتیش کمار، امیت آنند کے علاوہ داناپور میونسپل کونسل کے جونیئر انجینئر سکندر یادوینڈو کے طور پر کی گئی ہے۔
ملزمین نے اعتراف کیا کہ انہیں امتحان سے ایک دن قبل سوالیہ پرچہ ملا تھا اور اسے پڑھ کر ہی انھوں نے امتحان لکھا تھا۔ پولیس والوں کو دئے گئے ایک بیان میں، انہوں نے کہا کہ اگلے دن امتحان میں عین سوال پوچھے گئے تھے۔ایک امیدوار انوراگ یادو نے کہا کہ اس کے چچا سکندر یادوینڈو نے سوالیہ پرچہ اور اس کی جوابی شیٹ اسے اور دیگر دو امیدواروں کو دی۔