
مہیش کمار گوڑ تلنگانہ پی سی سی کے نئے صدر
حیدرآباد: مہیش کمار گوڑ کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ کانگریس قیادت نے جمعہ کو باضابطہ طور پر ریونت ریڈی کی پی سی سی سربراہ کے طور پر میعاد ختم کرنے کا اعلان کیا۔ مہیش کمار گوڈ 2023 سے قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے رکن اور پی سی سی الیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ تلنگانہ کانگریس میں ورکنگ صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔
پی سی سی کے نئے سربراہ کا انتخاب کی دوڑ میں کئی سینئر کانگریس قائدین، جیسے مدھو یاسکھی گوڑ، جیون ریڈی، جگا ریڈی، کومٹی ریڈی راجگوپال ریڈی، اور اڈانکی دیاکر، شامل تھے۔ تاہم، مہیش کمار گوڑ، جو ریونت ریڈی کے قریبی ساتھی ہین، کو بالآخر اس عہدے کے لیے چنا گیا۔ جب کہ اندرونی فیصلہ دو ہفتے پہلے ہو چکا تھا، کانگریس قیادت نے آج ہی اس کا اعلان کیا۔
مہیش کمار گوڑ 24 فروری 1966 کو راحت نگر، بھیمگل منڈل، نظام آباد ضلع میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گریراج کالج سے اپنی ڈگری مکمل کی۔ ان کا سیاسی سفر ان کے طالب علمی کے زمانے میں شروع ہوا جب انہوں نے نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (NSUI) کے ریاستی سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بعد میں وہ 1986 میں NSUI نظام آباد کے ضلع صدر بنے اور انڈین یوتھ کانگریس کے قومی سکریٹری کے طور پر کام کیا۔
گوڑ نے پہلی بار 1994 میں ڈچ پلی حلقہ سے الیکشن لڑا لیکن ہار گئے۔ 2013 اور 2014 کے درمیان، انہوں نے آندھرا پردیش اسٹیٹ ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2014 میں انہوں نے نظام آباد اربن سے الیکشن لڑا لیکن انہیں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مہیش کمار گوڑ کانگریس کے اندر کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں جن میں پی سی سی سکریٹری، ترجمان اور جنرل سکریٹری شامل ہیں۔
2018 میں، ان کے نظام آباد اربن سے دوبارہ انتخاب لڑنے کی امید تھی، لیکن یہ سیٹ اقلیتی امیدوار کو دی گئی۔ انہوں نے کانگریس میں اپنا کردار جاری رکھا اور 2018 کے ریاستی انتخابات کے لیے پارٹی کی منشور کمیٹی کے کنوینر بن گئے۔ 2021 میں، گوڑ کو پی سی سی کا ورکنگ صدر مقرر کیا گیا تھا۔ 2022 میں، انہیں کانگریس کی سیاسی امور کی کمیٹی میں خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ جون 2023 تک، وہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (TPCC) الیکشن کمیٹی میں شامل رہے۔
2023 میں، گوڑ نظام آباد اربن سے دوبارہ انتخاب لڑنے کا منصوبہ بنا رہے تھے، لیکن شبیر علی کے انتخاب کے بعد وہ دستبردار ہو گئے۔ اس کے بجائے، کانگریس پارٹی نے مہیش گوڑ کو ایم ایل اے کوٹہ کے تحت ایم ایل سی انتخابات کے لیے نامزد کیا۔ مہیش کمار گوڑ کو متفقہ طور پر منتخب کیا گیا، کیونکہ دیگر پارٹیوں سے کسی امیدوار نے نامزدگی داخل نہیں کی۔ انہوں نے 31 جنوری 2023 کو تلنگانہ قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔