
ریاست مہاراشٹرا میں بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ایکناتھ شنڈے شیو سینا پارٹی کے لیڈر پر پولیس اسٹیشن میں فائرنگ کردی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ بی جے پی ایم ایل اے نے پولیس اسٹیشن میں شیوسینا لیڈراوراس کے ساتھی کو گولی مار دی۔ پولیس نے اس معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
ایکناتھ شنڈے کی زیرقیادت شیوسینا لیڈر مہیش گائیکواڑ اور کلیان ایسٹ کے بی جے پی ایم ایل اے گنپت گائیکواڑ کے درمیان گزشتہ کئی دنوں سے اراضی کا تنازعہ چل رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی ایم ایل اے اور شیو سینا لیڈر کے درمیان کلیان ایسٹ کے دوارالی کمپلیکس میں موجود جائیداد پر ملکیتی حقوق کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔
31جنوری کوبھی اسی مسئلہ پر ان کے درمیان جھگڑآ ہوا۔ جس کے بعد جمعہ کی شام کو دونوں فریق شکایت درج کروانے کیلئے الہاس نگر کے ہل اسٹیشن پولس اسٹیشن پہنچے۔ دونوں فریقوں میں جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کر گیا اور بی جے پی ایم ایل اے گنپت گائیکواڑ نے مہیش گائیکواڑ اور ان کے ساتھیوں پر گولی چلا دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک طرف سے فائرنگ ہوئی جس میں دو افراد زخمی ہوئے۔ واقعہ کے دوران چھ راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔