
حیدرآباد۔ 12جون (اعتماد نیوز) آندھراپردیش کابینہ میں تلگودیشم کے سینئر قائد و رکن اسمبلی این محمد فاروق کو شامل کیا گیا ہے۔ این محمد فاروق کا تعلق رائلسیما کے کرنول ضلع سے ہے اور وہ نندیال اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کرتے ہیں۔ 74 سالہ این محمد فاروق نے اس حلقہ سے متعدد مرتبہ تلگودیشم سے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی کیریر کا آغاز نندیال بلدیہ کے چیرمین کی حیثیت سے 1984ء میں تلگودیشم سے کیا تھا۔ بعدازاں وہ نندیال اسمبلی حلقہ سے 1985ء کے اسمبلی انتخابات میں منتخب ہوئے۔ این ٹی راماراو کی کابینہ میں این محمد فاروق کو وزیر اقلیتی بہبود اوقاف اردو اکیڈیمی کا قلمدان دیا گیا تھا۔ دوبارہ وہ 1994ء کے اسمبلی انتخابات میں اسی حلقہ سے منتخب ہوئے جہاں انہوں نے 1995ء سے 1999ء تک آندھراپردیش اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ 1999ء کے انتخابات میں بھی انہیں کامیابی ملی تھی۔ 2017ء کے انتخابات میں وہ آندھراپردیش قانون ساز کونسل کے لئے منتخب ہوئے۔ بعدازاں انہیں ایک سال کے لئے کونسل کا صدرنشین بھی بنایا گیا۔ 2018ء میں چندرابابو نائیڈو حکومت نے انہیں دوبارہ کابینہ میں شامل کیا۔ اس وقت انہیں اقلیتی بہبود کے علاوہ صحت و خاندانی بہبود کا بھی قلمدان دیا تھا۔ اس مرتبہ این محمد فاروق آندھراپردیش کابینہ میں جگہ پانے والے واحد مسلم نمائندے ہیں۔ تلگودیشم میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرتے ہوئے 133 حلقوں پر قبضہ کیا تھا جن میں 3 حلقوں پر مسلم نمائندے منتخب ہوئے جن میں این محمد فاروق کے علاوہ مدناپلی اسمبلی حلقہ سے شاہجہاں باشاہ اور گنٹور ایسٹ سے محمد نصیراحمد شامل ہیں۔