
وزیر اعلی ریونت ریڈی نے الوال ٹمس، سکندرآباد کے قریب راجیو راہداری پر ایلیویٹڈ کوریڈور کی سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر دیگر کابینی وزرا اور عہدیدار موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ راجیو راہداری ایلیویٹیڈ کوریڈور کی تکمیل سے میڑچل ۔قطب اللہ پور۔ کریم نگر عادل آباد کے سفر میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے پروجیکٹ میں تاخیر ہوئی تھی۔عوام کی ضرورت کو بھلا کر سابقہ حکومت نے مرکز سے جھگڑا کر کے اس منصوبے کو پس پشت ڈال دیا تھا۔
وزیر اعظم مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ اس پروجیکٹ کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ایک بار جب ایلیویٹڈ کوریڈور مکمل ہو جائے گا تو میڑچل علاقے کو ترقی دی جائے گی۔عوام کو 10 سال بی آر ایس کی غلط پالیسیوں کی سزا ملی ہے۔اگر شمالی تلنگانہ کو ترقی دینا ہے تو ایلیویٹڈ کوریڈور کو مکمل کیا جانا چاہیے۔
وزیرالیٰ نے الزام لگایا کہ بی آر ایس کے پچھلے دس سالوں کے دوران گانجہ، منشیات اور پب کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔یہ ایلیویٹڈ کوریڈور شمالی تلنگانہ کی ترقی کا گیٹ وے ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا شہر کو ایک بین الاقوامی شہر کے طور پر ترقی دیں گے۔ آنے والے دنوں میں کنٹونمنٹ کے علاقے کو بھی ترقی دیں گے۔
مرکز سے اجازتیں ہم نے حاصل کیں لیکن کے ٹی آر کا کہنا ہے کہ جدوجہد انہوں نے کی۔کے ٹی آر کو اس پلیٹ فارم سے میں مشورہ دیتا ہوں۔ حیدرآباد شہر کی ترقی کیلئے کے ٹی آر کو چاہئے کہ وہ اندراپارک پر بھوک ہڑتال کریں ۔دیکھتے ہیں کے ٹی آر احتجاج کیلئے اپنی جان دیتے ہیں یا پھر مرکز سے فنڈز لانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اگر وہ اس طرح کی پہل کرتے ہیں تو ہمارے کارکن اس مرن برت کے اطراف باڑھ لگائیں گے اور ان کی حفاظت کریں گے۔