
نیشنل ڈی ورمنگ ڈے کے موقع پر تلنگانہ بھر کے اسکولوں، کالجوں اور آنگن واڑی مراکز میں کیڑے مار دوا تقسیم کی گئی۔ ریاست بھر میں ایک سے 19 سال کی عمر کے 96 لاکھ سے زیادہ بچوں میں کیڑے مار گولیاں مفت تقسیم کی جارہی ہیں۔
وزیر صحت وخاندانی بہبود دامودرراج نرسمہا نے حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر کے ساتھ آج صبح راج بھون ہائی اسکول میں اس پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزراء نے طلبا میں گولیاں تقسیم کیں۔ مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ یہ گولیاں خون کی کمی جیسے مسائل سے نجات دلانے میں بھی مدد کرتی ہیں۔
اس موقع پر دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ ڈی وارمنگ گولیاں بچوں کی جسمانی نشوونما کے لیے کافی مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم اور طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں تقریباً 95 لاکھ گولیاں دستیاب کروائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوگا کو صحت کے لیے روزمرہ کے معمولات کا حصہ ہونا چاہیے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے یوگا کو صحت کے لیے وراثت کے طور پر دیا ہے اور یوگا کا دسواں عالمی دن فخر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔قبل ازیں وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد میں اس ماہ کی 27 تاریخ تک 11 لاکھ 77 ہزار طلبہ کو یہ گولیاں فراہم کی جائیں گی۔ والدین سے درخواست کی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچے یہ گولیاں استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت طلباء کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے مزید پروگرام شروع کرے گی۔