
حیدرآباد ۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر تارک راما راؤ نے کہا ہے کہ کاموں سے زیادہ اگر تشہیر پر توجہ مرکوز کی جاتی تو ان کی پارٹی کامیابی سے ہمکنار ہوتی۔ انہوں نے آج تلنگانہ بھون میں محبوب نگر لوک سبھا حلقہ کے ارکان و قائدین کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کیا۔
کے ٹی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گریجن ریزرویشن میں اضافہ کے ساتھ ساتھ پوڑو اراضیات کے پٹوں کی تقسیم سمیت کئی اسکیمات کے باوجود ان علاقوں کے عوام نے مکمل تعاون نہیں کیا۔ کے ٹی ار نے مزید کہا کہ کانگریس نے یہ سوچا نہیں تھا کہ وہ اقتدار میں آئے گی اسی لیے مرضی کے مطابق عوام سے وعدے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی غلط تشہیر پر یقین کرنے والے قائدین کو بھی عوام مسترد کر رہے ہیں۔
کے ٹی ار نے یہ بھی کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ بی آر ایس کے دور میں ایک بھی راشن کارڈ نہیں دیا گیا نو سال کے دوران چھ لاکھ 47ہز479 راشن کارڈس دیے گئے۔ ملک میں سب سے زیادہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ 73 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کرنے والے واحد لیڈر کے سی آر ہیں۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی گئی لیکن کبھی بھی عوام کو قطاروں میں نہیں کھڑا کیا گیا ، عوام کو سہولت فراہم کی گئی اس کے لیے سیاست نہیں کی گئی اور نہ ہی کبھی تشہیر کا خیال آیا۔