
حیدرآباد ۔ سابق ریاستی وزیر اور بی آر ایس لیڈر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی پر انتخابات کے موقع پر اور ایوان میں جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا۔ گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے اس مسئلہ کو زیر بحث لایا۔ بعدازاں اسمبلی کی کاروائی کے ملتوی ہونے کے بعد ہریش راو نے میڈیا پوائنٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کی۔
ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے ریاست کے عوام سے جھوٹ بولنے کی کوشش کی ہے جس طرح سے انہوں نے انتخابات کے موقع پر غلط بیانی سے کام لیا تھا وہی جھوٹ ایوان میں بولا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ایوان کو اور ایوان کے ذریعہ ریاستی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
ہریش راؤ نے یہ بھی کہا کہ مکمل جمہوریت کا وعدہ کرنے والی کانگریس پارٹی نے اسمبلی میں اپوزیشن کے آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ چیف منسٹر نے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک بات چیت کی جبکہ ہمیں مناسب موقع فراہم نہیں کیا گیا۔ تین منٹ کے وقت میں تین مرتبہ مائیک کٹ کر دیا گیا۔