
کانگریس پارٹی کے نام سے نقلی ویب سائٹ بنا کر عطیات وصول کرنے والے شاطر دھوکہ باز کو حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کر لیا۔ گزشتہ سال عطیات کی وصولی کے لیے کانگریس کی جانب سے خصوصی ویب سائٹ ڈیزائن کی گئی تھی۔ اسی انداز میں سائبر دھوکہ بازوں نے ایک نقلی ویب سائٹ تیار کی۔
پارٹی کے قائدین کو اس بات کی اطلاع ملی اور انہیں معلوم ہوا کہ بعض افراد سے رقم بھی وصول کی گئی ہے۔ انہوں نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت کی تھی۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت سریندر چودھری کے طور پر کی گئی ہے اور وہ راجستھان کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے جئے پور جا کر اسے گرفتار کیا اور اس کی حیدرآباد منتقلی عمل میں آئی۔