
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے لیے ریاستی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اتوار کو قطب شاہی ہیریٹیج پارک کی بحالی پروجکٹ کی تقریب سے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی نے حکومت تلنگانہ اور آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی بھرپور تاریخ، ثقافت اور ہزاروں سالوں پر محیط روایات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست چارمینار، گولکنڈہ قلعہ، قطب شاہی مقبرے، ہزار ستون مندر، رامپا مندر، اور عالم پور مندر جیسے تعمیراتی شاہکاروں کا گھر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ساتواہن، کاکتیہ اور قطب شاہی حکمرانوں نے خطے پر منفرد ثقافتی نقوش چھوڑے۔
قطب شاہی ہیریٹیج پارک، جس میں قطب شاہی خاندان کے سات مقبرے شامل ہیں، فن تعمیر کی شہکار ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست کی ثقافت اور ورثے کے تحفظ اور اسے دنیا کے نقشے پر فخر کے ساتھ ظاہر کرنے کے لیے خود کو وقف کیا۔ ریونت ریڈی نے رامپا مندر میں تلنگانہ کے فخر کو بھی اجاگر کیا، جسے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
قطب شاہی مقبروں کی بحالی کا پروگرام، جو 2013 میں ایک معاہدے کے ذریعے شروع کیا گیا تھا، عالمی سطح پر تحفظ کی سب سے بڑی کوششوں میں سے ایک تھا، جس میں 106 ایکڑ پر 100 سے زیادہ یادگاریں شامل تھیں۔ تلنگانہ حکومت اور حیدرآباد کے عوام کی جانب سے چیف منسٹر نے آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے تعاون اور فراخدلی کے لئے اظہار تشکر اور ستائش کی۔ پرنس رحیم آغا خان، ریاستی وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ، حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی، اور محکمہ سیاحت کے سینئر افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:
حیدرآباد: گوشہ محل کی سڑک پھر خستہ حال، دوبارہ سڑک ٹوٹی۔ لاری الٹ گئی