
تلنگانہ کی عوام کو ریاستی وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے نئے سال کی مبارکباد پیش کی ۔ انھوں نے کہاکہ آپ تمام کی حمایت سے ریاست میں عوامی حکومت قائم ہوگئی ہے۔ بندشیں اور آہنی رکاوٹیں توڑ دی گئییں۔ اقتدار میں عوام کو شراکت دار بنایا گیا ہے۔ جمہوریت کی بحالی‘ شہری آزادی کے اپنے وعدہ کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔
حکومت نے چھ کہ منجملہ دو گیارنٹیوں پر عمل کیا ہے۔ نئے سال میں دیگر گیارنٹیوں کو نافذ کرنے کیلئے کمربستہ ہے۔ تمام مستحق افراد تک فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچانے کی کوشش ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ ترقی کی دوڑ میں ریاست سب سے نمایاں رہے۔
نوجوانوں کابہتر مستقبل حکومت کی ترجیح ہے۔ نوجوانوں کو جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس کرکے اْن کے روشن مستقبل کی ضمانت دینے کی سمت حکومت کی سوچ ہے۔ ابتدائی تعلیم سے اعلی تعلیم تک کی مکمل تنقیح کیلئے حکومت تیار ہے۔
کسانوں سے متعلق کئے گئے وعدوں پر حکومت قائم ہے۔ اس نئے سال کو کسان۔خواتین اور نوجوانوں کے نام معنون سال کے طور پر ہم عہد کرتے ہیں۔ ہم نے عہد کیا ہے کہ سابقہ حکومت میں مفلوج حکمرانی کی مکمل تنقیح کریں گے۔ عوامی حکمرانی کے نظریئے کے تحت حکومت کے انتظام و انصرام کی ازسر نو تشکیل ہوگی۔ عوامی شکایات سننے کیلئے پرجا بھون میں پرجاوانی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ انتظامی ڈھانچے میں انسانیت کا عنصر شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔
سابقہ حکومت میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ریاست کی مالی صورت حال کو سدھارنے کی سمت میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مالی اور برقی سربراہی کے شعبوں کی حقیقی صورتحال وائٹ پیپر کے ذریعہ عوام کے سامنے رکھنے کی کوشش کی گئی۔ جلد ہی محکمہ آب پاشی میں کی گئی بدعنوانیوں پر بھی وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے حقائق کو واضح سامنے لایا جائےگا۔ سابقہ حکومت کی گئی بدعنوانیوں کے خلاف کاروائی کرنے اورلوٹ کا شکار عوامی املاک کو واپس لانے کا وعدہ کیا۔ اْس سمت میں اقدامات شروع کردئے گئے ہیں۔
پنشنس ’ راشن کارڈس اور مکانات کیلئے لاکھوں لوگوں نے پچھلے دس سال سے انتظار کیا۔ جلد ہی اْن کی امیدیں بر آئیں گی۔ تمام اہل افراد کو فلاحی اسکیمات سے فائدہ ہوگا۔ اقتدار سے بے دخلی کے نتیجہ میں دکھ میں مبتلا افراد کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں سے پریشان نہ ہوں۔ یہ اب سابقہ حکومت نہیں بلکہ عوامی حکومت ہے۔ ہر شہری کو اس حکومت سے رابطہ قائم کرنے کیلئے چوبیس گھنٹے سہولت میسر رہے گی۔
ریاست کے شہیدوں اور جہد کاروں کی فلاح کے وعدہ پر ہم قائم ہیں۔ تلنگانہ جدوجہد کے دوران جہدکاروں پر قائم مقدمات کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ اْن مقدمات سے ان کو اآزاد کرانے کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ آٹو رکشا ڈرائیورس اور غیر منظم شعبہ سے جڑے مزدوروں کی فلاح کیلئے پانچ لاکھ کے بیمہ کی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے تئیں ہماری حکومت سنجیدہ ہے۔ جلد ہی اْن کے مسائل کا بھی حل نکالا جائے گا۔
جس طرح داشردھی نے تلنگانہ کو ایک کروڑ نگینوں کا وینا قراردیا تھا ۔ان نگینوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کا عزم کرتے ہوئے ۔۔ اس نئے سال میں ہر شہری کی تمنائیں پوری ہوں ‘ تلنگانہ میں قدم قدم خوش قسمتی ہو ‘ ہر گھر میں روشنیوں کا بسیرا ہو اور ان ہی نیک خواہشات کے ساتھ تلنگانہ کی تمام عوام کو دل کی گہرائیوں سے نئے سال کی مبارکباد پیش ہے ۔