
حیدرآباد ۔ ایل آر ایس کے معاملہ میں کانگریس حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بی آر ایس قائدین کی جانب سے ریاست بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ پارٹی قائدین نے مطالبہ کیا کہ کانگریس کی جانب سے کئے گئے وعدہ کے مطابق ایل آر ایس اسکیم پر مفت عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ ریاست کے تمام حلقوں ضلع مستقر میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے بڑے پیمانے پراحتجاجی دھرنے منظم کئے گئے۔
بی آر ایس کے کارگزارصدر تارک راما راؤ کی ہدایت پر ریاست بھر میں بی آر ایس قائدین اور کارکنوں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ احتجاجی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے کانگریس حکومت سے ماقبل کئے گئے وعدے کے مطابق ایل آر ایس فری بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وعدہ پر عمل آوری تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی، ایچ ایم ڈی اے دفاتر کے پاس احتجاج منظم کیا گیا۔ امیرپیٹ میں مائتری ونم، ایچ ایم ڈی اے دفتر کے پاس بی آر ایس کی جانب سے منعقدہ احتجاجی دھرنے میں سابق وزیر و رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو کے علاوہ بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔