
حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 23 جولائی سے شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔تلنگانہ کے نائب وزیراعلیٰ ملو بھٹی وکرامارکا کانگریس حکومت کا پہلا مکمل بجٹ پیش کریں گے۔ حکومت کئی اہم بلز کوپیش کرےگی۔ اور جاب کیلنڈر بھی جاری کیا جائےگا۔
ریاست کی اہم اپوزیشن جماعت بی آر ایس اجلاس سے پہلے پارٹی کے اراکین اسمبلی اور کونسل کا اجلاس تلنگانہ بھون میں طلب کیا ہے۔ پارٹی قیادت نے احکامات جاری کیے ہیں کہ تمام ایم ایل اے اور ایم ایل سی اس میٹنگ میں شرکت کریں۔ اس اجلاس میں بجٹ اجلاسوں میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
بی آر ایس ، پارٹی انحراف، پروٹوکال کی خلاف ورزی، نوجوانوں کو روزگار اور دیگر اہم مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی طے کرےگی۔۔