
حیدرآباد۔ ٹینک بنڈ پر برتھ ڈے پارٹی مناتے ہوئے کیک کاٹنے والوں کی اب خیر نہیں ہے۔ حسین ساگر پر اب سالگرہ کا کیک کاٹنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سواچھ حیدرآباد مشن کے تحت یہ سخت فیصلہ لیا گیا ہے۔
ٹینک بنڈ پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے بورڈ آویزاں کیا گیا ہے جس پر لکھا گیا ہے کہ ٹینک بنڈ اور اس کے اطراف کچرا ڈالنے اور کیک کاٹنے پر امتناع عائد ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر احکامات کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بورڈ پر لکھا ہے کہ حسینساگر اور اس کے اس پاس کا علاقہ سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں ہیں، اس لیے شہریوں سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ یہاں سالگرہ تقاریب نہ منائیں اور کیک نہ کاٹیں۔ واضح رہے کہ ٹینک بنڈ ایک ٹورسٹ اسپاٹ بن چکا ہے جہاں لوگ سیر تفریح کے ساتھ ساتھ سالگرہ تقاریب بھی مناتے ہیں۔