
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق ،تارک راما راؤ نے حیدرآباد کے علاقہ نامپلی، بازار گھاٹ علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے مقام کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کی ہدایت دی۔ ان کے ہمراہ ریاستی وزیر ٹی نواس یادو بھی موجود تھے۔ وزراء نے حادثہ میں اموات پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور مقامی افراد سے حادثہ کی تفصیلات حاصل کیں۔
کے ٹی آر نے مہلوک خاندانوں کے ورثہ کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا اور زخمیوں کا بہتر سے بہتر علاج کرنے کی ڈاکٹرس کو ہدایت دی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل میں مریضوں کا علاج جاری ہے۔ ضرورت پڑنے پر انہیں خانگی ہاسپٹل منتقل کر کے علاج کروایا جائے گا۔ اور اس حادثہ میں جن کا مالی نقصان ہوا ہے حکومت ان کے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ آج صبح بازار گھاٹ علاقہ کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے کے نتیجہ میں نو افراد جان بحق ہو گئے۔