
کاماریڈی۔بی آرایس سربرا و چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ کاما ریڈی سے ان کا جنم سے ہی رشتہ ہے۔ انہوں نے کاما ریڈی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی تحریک کے آغاز کے پہلے ہی دن کاما ریڈی کے وکلا نے اپنے شعور بیداری کا مظاہرہ کیا تھا۔ بی آر ایس سربراہ نے بتایا کہ کئی مشکلات کے بعد تشکیل تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعمیر ہوا۔
ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کاما ریڈی کو ضلع کا درجہ دیا گیا۔ اور یہاں میڈیکل کالج بھی قائم کیا جارہا ہے۔ کے سی آر نے بتایا کہ گوردھن ریڈی نے کئی مرتبہ ان سے کاما ریڈی سے مقابلہ کرنے کی خواہش کی تھی اور وہ یہاں سے مقابلہ کو خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کاما ریڈی کی ہیت تبدیل کر دی جائے گی اور کاماریڈی کو مثالی حلقہ بنایا جائے گا۔
چیف منسٹر نے عوام سے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو حاصل ووٹ ایک ہتھیار ہے اور یہ ووٹ آئندہ پانچ سال کا مستقبل کا تعین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارٹی چلانا نہیں جانتے تھے انہیں اقتدار دیا گیا اور انہوں نے کیا کیا کہ ہم سب نے اس کا مشاہدہ کیا ہے، اسی طرح عوام تمام باتوں کا غور کرنے کے بعد سوچ سمجھ کر حق رائے دیہی سے استفادہ کریں۔