
حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے سابق وزیر ملا ریڈی نے کہا ہے کہ قبائلیوں کی اراضی پر قبضہ کے معاملہ سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ضلع میڑچل، موڑو چنتا پلی منڈل میں اراضی پر قبضہ کرنے کے الزامات کے تناظر میں انہوں نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔
ملا ریڈی نے کہا کہ اس اراضی سے متعلق دستاویز میں یا پہانی میں ان کا نام کہیں بھی نہیں ہے تو پھر ان پر کیسے مقدمات درج کیا جا سکتا ہے؟ بی آر ایس رکن اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں انسپکٹر پولیس سے بات چیت کی ہے اور اے سی پی سے بھی شکایت کی ہے۔ ملا ریڈی نے کہا کہ وہ انصاف کے لیے عدالت سے رجوع ہوں گے۔
واضح رہے کہ شاہ میر پیٹ پولیس نے اراضی پر قبضہ کے الزام میں ملا ریڈی کے علاوہ دیگر آٹھ افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ شکایت کنندگان نے الزام عائد کیا تھا کہ ملا ریڈی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اراضی پر قبضہ کی سازش رچی ہے۔