
حیدرآباد۔ جی سدھیر بابو نے کمشنر پولیس رچہ کونڈہ کے طور پر اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کر لیا۔ اس موقع پر نئے کمشنرپولیس نے کہا کہ کمشنریٹ کے حدود میں امن و ضبط کی برقراری کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ جرائم کے روک تھام کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
ساتھ ہی کمشنر پولیس نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے شی ٹیمس کو مزید متحرک کیا جائے گا۔ منشیات کی سربراہی اور اس کا استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں سائبر کرائم سے متعلق شعور بیداری کے لیے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے پاک رکھنے کے لیے شعور بیداری پروگرامس منعقد کیے جائیں گے۔ عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد کمشنر پولیس نے تمام ڈی سی پیز اور اے سی پیز کے ساتھ جائزہ اجلاس بھی طلب کیا۔