
تلنگانہ کے ضلع ورنگل کے نیکونڈرا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کو روکنے کیلئے مقامی افراد سفر کئے بغیر ٹکٹ خریدرہے ہیں تاکہ اس اسٹیشن پر ٹرین کے توقف کو یقینی بنایاجاسکے۔ اس اسٹیشن سے آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے ریلوے حکام نے پدماوتی ایکسپریس ٹرین کے یہاں توقف کو منسوخ کردیا۔
اس سلسلہ میں مقامی عوام نے حکام سے کئی بار ٹرین کو اس اسٹیشن پر روکنے کی اپیل کی۔ ان کی درخواست کے مطابق سکندرآباد سے گنٹور جانے والی انٹر سٹی ایکسپریس کو حال ہی میں یہاں توقف کی اجازت دی گئی تھی تاہم ریلوے حکام نے شرط رکھی ہے کہ تین ماہ تک آمدنی ہونے کی صورت میں ہی وہ ٹرین کو اس اسٹیشن پر مستقل طورپر روکیں گے۔
ٹرین کورکوانے کیلئے یہاں کے لوگ روزانہ چندہ اکٹھا کر رہے ہیں اور ٹکٹ خرید رہے ہیں تاکہ اسٹیشن کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔