
جگتیال: جگتیال ضلع کے پولاسا گاؤں کے قریب اتوار کو ایک المناک سڑک حادثے میں دو افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پرائیویٹ بس، آر ٹی سی بس کو اوورٹیک کرتی ہوئی دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی۔ ہلاک شدگان میں 52 سالہ لچھانا اور اس کی 13 سالہ پوتی سری ندھی شامل ہیں، دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
علی پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے لچھانا اپنے پوتے پوتیوں کے ساتھ دھرما پوری سے جگتیال جا رہے تھے کہ بس نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس کا 10 سالہ پوتا ملکارجن شدید زخمی ہو گیا۔ دوسری بائک پر سوار دیگر دو زخمیوں کی شناخت پولاسا گاؤں کے راجنا اور نرسنا کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثہ کے بعد لاشیں سڑک پر بکھر گئیں۔
زخمیوں کو علاج کے لیے جگتیال اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کے لیے مقدمہ درج کر لیا ہے۔