
تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں طلباء اپنا پیٹ بھرنے کیلئے پکوان کیلئے مجبور ہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہو رہی ہے جس میں طالبات کو پکوان کرتا دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ واقعہ ضلع کاما ریڈی دوم کنڈہ منڈل سیتا رام پلی کے کستوربا گاندھی تعلیمی ادارے کا ہے جس کا تاخیر سے انکشاف ہوا۔
کستوربا گاندھی تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم طالبات گزشتہ کچھ دنوں سے پکوان کرنے پر مجبور ہیں اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ پکوان کرنے والا عملہ یعنی باورچی دستیاب نہیں ہیں، جسکی وجہ سے بچوں کو پیٹ بھرنے کے لیے مجبوری میں کھانا پکانا پڑ رہا ہے۔
طلبہ تنظیموں کے قائدین کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں اعلی حکام سے شکایت کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ پرنسپل کے رویہ کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی اور پڑھنے لکھنے والے بچوں کو پکوان کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ طلبہ تنظیموں کے قائدین نے حکومت سے اس مسئلہ پر فوری کاروائی کی خواہش کی ہے۔