
سدی پیٹ: سابق وزیر اور ایم ایل اے ہریش راؤ نے کانگریس حکومت پر کلیانہ لکشمی چیکس کی تقسیم میں تاخیر کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پچھلی بی آر ایس حکومت کے دوران فوری طور پر جاری کیے گئے تھے۔ جمعرات کو سدی پیٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کے تحت شادی کے ایک ماہ کے اندر مستحقین کو چیک جاری کئے گئے تھے۔ تاہم، موجودہ کانگریس حکومت میں چیکس وصول کنندگان تک پہنچنے میں مہینوں لگ رہے ہیں۔
ہریش راؤ نے ذکر کیا کہ سدی پیٹ میں چیکس کی تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے انہیں ذاتی طور پر ہائی کورٹ سے رجوع کرنا پڑا، کیونکہ سرکاری افسران تعاون نہیں کررہے تھے۔ انہوں نے عوام کو یاد دلایا کہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کلیانہ لکشمی اسکیم شروع کی تھی تاکہ غریب خاندانوں کو ان کی بیٹیوں کی شادی کے لئے مالی امداد فراہم کی جاسکے۔
سابق وزیر نے کانگریس پر تنقید کی کہ وہ مبینہ طور پر اسکیم کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ کانگریس حکومت بلاتاخیر کلیانہ لکشمی کے مستحقین کو سونا فراہم کرنے کے اسمبلی انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے کو عملی جامہ پہنائے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈلیوری کرنے والی ماؤں کو دی جانے والی کے سی آر کٹ کو روک دیا گیا ہے۔
.