
حیدرآباد: مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ امور نتیا نند رائے نے سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے چیلنج پر روشنی ڈالی اور انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے تربیت یافتہ افراد پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے تکنیکی پہلوؤں میں مہارت حاصل کریں۔
حیدرآباد میں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی میں آئی پی ایس پروبیشنرز کے 76ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے نتیا نند رائے نے کہا کہ سائبر فرانزک اور متعلقہ پروگرام اب وزارت داخلہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ کل 207 افسر ٹرینیز نے اپنی تربیت مکمل کی، جن میں نیپال، بھوٹان، ماریشس اور مالدیپ جیسے ممالک کے 188 آئی پی ایس افسران اور 19 غیر ملکی افسران شامل ہیں۔ آئی پی ایس ٹرینیز میں 58 خواتین افسران تھیں۔
نتیا نند رائے نے ان افسران کو سائبر سے متعلقہ جرائم سے نمٹنے میں ماہر ہونے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ وہ اپنے کردار میں قدم رکھتے ہیں۔ اس بیچ کے افسران میں 109 انجینئرنگ گریجویٹس، 15 میڈیکل گریجویٹس، اور چار لاء ریجویٹس تھے۔ تربیت پانے والوں کی اکثریت کی عمریں 25-28 کے درمیان ہیں، اور ان میں سے 54 خواتین ہیں، جن میں سے 38 غیر شادی شدہ تھیں۔
اکیڈمی کے ڈائریکٹر امیت گرگ نے بتایا کہ تمام ٹرینیز نے اپنا فیز 1 بنیادی کورس مکمل کر لیا ہے اور مختلف ممالک کے غیر ملکی افسران نے اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کے ساتھ تربیت میں حصہ لیا۔