
قتل کے کیس میں تین دہائیوں سے فرار ملزم کو بالآخر ممبئی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ 62 سالہ دیپک نارائن بھیسے سال 1989 میں ایک شخص کے قتل کی واردات میں ملوث تھا۔ اسے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔
سال 1992 میں اس کی ضمانت منظور ہوئی تب سے وہ مقدمہ کی سماعت کے لیے عدالت میں حاضر نہیں ہوا۔ سال 2023 میں عدالت نے ملزم کو مفرور قرار دیا اور پولیس کو ہدایت دی کہ اسے تلاش کیا جائے۔
دیپک نے اپنی رہائش تبدیل کر دی تھی مقامی افراد نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ شاید وہ مر چکا ہے۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے حال ہی میں دیپک کی بیوی کا فون نمبر حاصل کیا اور اسے ٹریک کرنے پر پتہ چلا کہ ملزم ممبئی سے 60 کلومیٹر دور نالہ سپارہ علاقے میں ہے۔ اسے پکڑ لیا گیا۔
31 سال کے دوران اس نے کئی مقامات تبدیل کیے اور پچھلے دو سال سے وہ اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ نالہ سپارہ میں مقیم تھا۔ آخر کار اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔