
حیدرآباد : ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ جڑ چرلہ کے قریب اے پی ایس آر ٹی سی کی بس ، ڈی سی ایم وین سے ٹکرائی۔ اور بس کو آگ لگ گئی بس میں سوار 15 مسافرین زخمی بتائے گئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے محبوب نگر کے گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔
نیشنل ہائی وے44 پر رونما اس سڑک حادثے کے بعد ٹریفک جام ہو گئی پولیس نے ٹریفک نظام کو بحال کیا ۔ذرائع کے مطابق یہ حادثہ رات دو بجے پیش آیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش کے شری ستیہ سائی ضلع کے دھرما ورم ڈپو کی آرٹی سی بس حیدرآباد کے ایم جی بی ایس سے مسافرین کو لے کر اتوار کی رات 12 بجے روانہ ہوئی۔
جیسے ہی بس بوریڈی پلی پہنچی، بس ایک ڈی سی ایم وین سے ٹکرا گئی جو یو ٹرن لے رہی تھی۔ چوکس مسافروں نے بس کی کھڑکیاں توڑ کر خود کو بچایا۔اس کوشش میں کئی مسافر زخمی بھی ہوئے۔بس میں 36 مسافرین سوار تھے۔ بس میں سوار مسافرین میں زیادہ تر کا تعلق اننت پور اور حیدرآباد سے بتایا گیا ہے۔