
نارائن پیٹ ضلع کے کمسان پلی گاوں میں کھیتوں میں نظرآئے بیمار تیندوے کی علاج کیلئے منتقلی کے دوران موت ہوگئی۔ مقامی افراد نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اس بات کی اطلاع دی تو وہ گاوں پہنچے اور دیکھا کہ یہ تیندوا بیمار ہے۔ اس کی اطلاع حیدرآباد کے زوپارک کے عہدیداروں کو دی گئی ۔ وہاں ابتدائی علاج کیا گیا تاہم اس کو بہتر علاج کے لئے زوپارک منتقل کیاجارہا تھا کہ محبوب نگر کے قریب اس کی موت ہوگئی۔
محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے بتایا کہ عہدیداروں نے اس کے پوسٹ مارٹم کے لئے اس کو زوپارک منتقل کیا۔بتایاجاتا ہے کہ یہ تیندواجزوی طورپرنابینا تھا۔اسی لئے اس کے گاوں کے نواحی علاقہ میں گھومنے کے دوران مقامی افراد کی جانب سے اس کی تصویریں اور ویڈیوز کافی قریب سے لینے کے باوجود اس کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔
عہدیداروں نے دیگر جنگلی جانوروں سے اس کے جھگڑے کے امکان کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس تیندوے کے جسم پر کسی قسم کے کوئی نشان نہیں پائے گئے۔اس کو زہر دینے کے امکان کے سلسلہ میں عہدیداروں نے کہاکہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں ہی اس بات کی تصدیق ہوسکے گی۔ضلع میں 5تا6تیندوے ہیں۔