
حیدرآباد ۔ ریاست بھر میں کانگریس حکومت کی 6 گیارنٹی اسکیمات کی درخواستیں قبول کرنے کا عمل جاری ہے۔ درخواست داخل کرنے کے مراکز کے پاس عوام کا ہجوم دیکھا جا رہا ہے، بعض مقامات پر بھگدڑ کی بھی اطلاعات ہیں۔ حیدرآباد کے سلیمان نگر مرکز میں درخواست داخل کرنے والوں کی کثیر تعداد تھی۔اس دوران یہاں بھگدڑ مچ گئی۔
بھگدڑ کے نتیجے میں سلیمان نگر وارڈ ایڈمنسٹریٹو آفیسر مسعود الرحمن گر پڑے اور ان کے سینے میں درد ہونے لگا، فوری طور پر انہیں علاج کے لیے ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
حیدرآباد کے کئی مراکز پر اس طرح کی صورتحال کی وجہ سے عہدیداروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوام کا ہجوم امڈ پڑنے کی وجہ سے عہدیدار کافی دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں فیلڈ آفیسرس اعلیٰ عہدیداروں سے عملہ کی تعداد میں اضافہ کی خواہش کر رہے ہیں۔