
حیدرآباد سے تقریباً 30 کلو میٹر دور، ضلع رنگاریڈی، معین آباد میں قدیم غیر آباد مسجد کو رئیل اسٹیٹ مافیہ اور غیر سماجی عناصر نے شہید کر دیا۔ مسجد جاگیر دار چلکور بالا جی ٹمپل کے قریب واقع ہے۔ مسجد کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی مسلمانوں نے زبردست احتجاج کیا۔
تلنگانہ وقف بورڈ کے صدر نشین عظمت اللہ حسینی، ٹمریز کےچیئرمین فہیم قریشی، مائناریٹی ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری تفسیر اقبال، ڈی سی پی راجندر نگر سرینواس ریڈی، مجلس کےلیڈر،اور ایم ایل سی رحمت بیگ، ایم بی ٹی ترجمان امجد اللہ خان نے دورہ کیا۔
وقف بورڈ چیئرمین عظمت اللہ حسینی،نے مسجد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے دوبارہ اسی جگہ پر مسجد تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ رات بھر مسلمانوں میں بے چینی دیکھی گئی۔ فجر کی نماز با جماعت اسی جگہ پر ادا کی گئی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد مسلمانوں نے راحت کی سانس لی ۔وقف بورڈ چیئر مین نے مسجد کے لئے فی الحال عارضی شیڈ ڈالنے کا اعلان کیا۔ اور کہا دوبارہ مسجد تعمیر کی جائے گی۔
پولیس میں مسجد کی شہادت پر معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے جے سی پی کو ضبط کر لیا ہے۔ ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس اور سیاسی لیڈروں نے امن قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔