
تلنگانہ کے سابق وزیرصحت وبی آرایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے الزام لگایا ہے کہ ریاست کے جونیئر کالجوں کے کھلنے کے 19 دن کے باوجود ابھی تک ان کالجس میں سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ حکومت اس سلسلے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
اس سلسلہ میں انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس مسئلہ پر طنزکرتے ہوئے کہا کہ یہ اس حکومت کے خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہے جو خود کو عوام کی حکمرانی، تعلیم اور طلباء کے مستقبل کی فکر کرنے والی کے طورپر تشہیر کرتی ہے۔ 422 جونیئر کالجوں میں غریب اور کمزور طبقے کے ایک لاکھ 60 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کی کہ وہ انہیں معیاری تعلیم فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کو مستحکم کرنے کے اقدامات کرے۔ طلباء میں نصابی کتابیں تقسیم کرنے کے علاوہ انہوں نے جونیئر کالجوں میں کام کرنے والی 1,654 گیسٹ فیکلٹی کی خدمات کی تجدید کا مطالبہ کیا۔
ہریش راؤ نے انکشاف کیا کہ بی آر ایس پارٹی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ ریاست میں نئے منظور شدہ جونیئر کالجوں میں عہدے منظور کئے جائیں اور طلباء کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔