
حیدرآباد ۔ پرانے شہر کے علاقہ سنتوش نگرمیں واقع ایک کالج میں طالبات کو نماز کی ادائیگی سے روک دیا گیا جس پر برہم لڑکیوں نے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق آج سنتوش نگر آئی ایس سدن پر واقع کے وی رنگاریڈی کالج میں بعض طالبات کھانے کے وقفہ کے دوران کلاس رومس میں نماز ادا کررہی تھیں، کالج کے ذمہ داروں نے اعتراض کرتے ہوئے ان کو طلب کیا اور نماز کی ادائیگی پر ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔
حالانکہ یہ طالبات کھانے کے وقفہ کے دوران نماز ادا کررہی تھیں۔ انتظامیہ کے اس رویہ پر برہم طالبات نے احتجاج کرتے ہوئے نماز کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیوز تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئے۔ شہریوں نے کالج انتظامیہ کی اس حرکت پر برہمی کا اظہارکیا ہے۔
واضح رہے کہ 2023 میں کے وی رنگا ریڈی کالج انتظامیہ نے لڑکیوں کو برقعہ کے ساتھ امتحان ہال میں داخل ہونے سے روکا گیا تھا۔ تب بھی احتجاج کیا تھا۔ اُس وقت کے وزیراعلیٰ کو اس معاملے پر مداخلت کرنی پڑی تھی۔