
اینمولا ریونت ریڈی نےتلنگانہ ریاست کے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے اگلے ہی دن عوامی مسائل کو جاننے اور ان کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے۔ وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ مہاتما جیوتی باپھولے پرجا بھون میں جمعہ کو پرجادربار کا انعقاد کیا گیا۔ریاست کے مختلف علاقوں کے عوام نے اپنے مسائل حکومت کے سامنے پیش کئے۔
سی ایم ، نے معذوروں کو ترجیح دی اور ان کے مسائل دریافت کیے اور ان کی درخواستیں قبول کیں۔ وزیر اعلیٰ نے پرجا دربار کے پلیٹ فارم پر مختلف مسائل سننے کیلئے آنے والے لوگوں کی درخواستیں حاصل کیں اور ان کے مسائل کو جانا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے ساتھ ریاستی وزراء پونگولیٹی سرینواس ریڈی اور محترمہ داناسری انسویا (سیتاکا) موجود تھیں۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ ہنگامی اجلاس کیلئے سیکرٹریٹ روانہ ہو گئے اورریاستی وزیر سیتاکا نے عوامی دربار میں آنے والے ہر شخص سے مختلف مسائل کے حل کیلئے درخواستیں وصول کیں۔ پرجادربار کے انعقاد کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ چیف سکریٹری شیشادری، ڈی جی پی روی گپتا، واٹر بورڈ ایم ڈی۔ دانا کشور، جی ایچ ایم سی کمشنر رونالڈ راس، حیدرآباد کلکٹر انودیپ، مشرف علی فاروقی اور دیگر عہدیداروں نے پرجادربار کے انتظامات کی نگرانی کی۔
شکایت کے اندراج کے لیے 15 ڈیسک خصوصی طور پر قائم کیے گئے ہیں۔ ہر درخواست کوآن لائن اندراج کے بعد، ایک منفرد شکایت نمبر (پٹیشن نمبر)دیا جارہا ہےاور پھر ایک پرنٹ شدہ اقرارنامہ دیا جاتا ہے، اور درخواست گزاروں کواس کا ایس ایم ایس بھی روانہ کیا جاتا ہے۔ پرجا دربار میں لوگوں کے بیٹھنے کے لیے 320 نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ باہر بھی قطاریں لگ گئی ہیں۔ دھوپ سے بچاو کیلئے قطار کے ساتھ ساتھ اوپر سایہ فراہم کیا گیا ہے۔ دروازوں پر کھڑے لوگوں اور پرجادربار میں داخل ہونے والوں کو پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔ پرجا دربار پر لوگوں کا ہجوم تھا جو نہ صرف شہر حیدرآباد بلکہ مختلف اضلاع سے بھی آئے تھے۔