
حیدرآباد: گاڑیوں کی تلاشی کے بہانے کار سوار افراد کے ساڑھے 18 لاکھ روپے لوٹ لینے کے معاملے میں حیدرآباد کی پولیس نے ایک پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کل مہدی پٹنم سے تعلق رکھنے والے تاجر نے اپنے ملازمین پردیپ شرما اور اکشے کو 20 لاکھ روپے نقد رقم بینک میں جمع کروانے کے لیے حوالے کی تھی۔ وہ دونوں ڈرائیور شنکر کے ساتھ رقم خانگی بینک میں جمع کروانے کے لیے گاڑی میں پنجہ گٹہ جا رہے تھے کہ اس دوران رچہ کنڈا کمشنریٹ سے وابستہ پولیس کانسٹیبل سری کانت نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان کی گاڑی کو روک لیا۔ وہ وردی میں تھا تلاشی کے بہانے ان میں سے ایک شخص کو پولیس کا نسٹیبل نے اپنے ساتھ لائی ہوئی گاڑی میں رقم کے ساتھ سوار کر لیا۔ بعد ازاں خیرت آباد میٹرو اسٹیشن پہنچ کر بیاگ اس کے حوالے کر کے اسے وہاں چھوڑ دیا گیا، جب اس نے بیاگ کھول کر دیکھا تو اس میں صرف ڈیڑھ لاکھ روپے موجود تھے۔
اس سلسلے میں پنجہ گٹہ پولیس سے شکایت کی گئی۔ پولیس نے سیسی ٹی وی کیمروں سے اسے پہچان لیا۔اطلاعات ہیں کہ پنجہ گٹہ پولیس نے کانسٹیبل کو گرفتار کر کے اس کے پاس سے 16 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔ اسی اثنا میں رچہ کنڈا کمشنر پولیس ڈی ایس چوہان نے اس واقعہ میں ملوث پولیس کانسٹیبل کو خدمات سے برطرف کر دیا ہے۔