
تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بی آر ایس کے ارکان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے کونسل پر کئے گئے ریمارکس کے خلاف احتجاج کیا ۔ انہوں نے کونسل کے پوڈیم پر احتجاج کرتے ہوئے چیف منسٹر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
بی آر ایس کے ارکان چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ریمارکس کے خلاف آج سیاہ اسکارف پہن کر احتجاج کیا۔ بی آر ایس ارکان کے احتجاج کے باعث کونسل کے چیرمین سکھیندر ریڈی نے ایوان کی کارروائی دس منٹ کے لیے ملتوی کردی۔ چیئرمین نے احتجاجی ارکان سے کہا کہ چیف منسٹر کے خلاف شکایت اسمبلی سیکرٹری کو بھیج دی گئی ہے۔
اس دوران ایم ایل سی بھانو پرساد نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کونسل کے ارکان کی توہین کی ہے۔ انھیں فوری طور پر معافی مانگنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر کو ایوان کے وقار کی حفاظت کرنی ہے وہ ایسے تبصرے نہ کریں۔
قبل ازیں بی آر ایس کے ایم ایل سی شوبھن ریڈی کو پولیس نے سیاہ اسکارف لے کر اسمبلی میں لاتے ہوئے روک دیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ وہ سیاہ اسکارف پہن کر نہ آئیں۔جس پر بی آر ایس کے ارکان پولیس اور مارشلز کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ ایم ایل سی بھانو پرساد، شوبھن ریڈی، تاتا مدھو، محمود علی یہ کہتے ہوئے ایوان کے اندر گئے کہ احتجاج کرنا ان کا حق ہے اور اگر وہ چاہیں تو انہیں معطل کرسکتے ہیں۔