
حیدرآباد ۔جھلسی ہوئی حالت میں معین آباد پولیس کو دستیاب نعش کی شناخت ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چار دن قبل معین آباد پولیس کو ایک لڑکی کی نعش مشتبہ حالت میں جھلسی ہوئی دستیاب ہوئی تھی۔نعش کو شناخت اور پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں محفوظ کروا دیا گیا تھا اور نعش کی شناخت کا کام جاری تھا۔ اس دوران آج معلوم ہوا کہ جو نعش معین آباد میں دستیاب ہوئی ہے وہ 22 سالہ تحسین بیگم کی ہے جو حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں رہنے والی بتائی گئیں ہیں۔ نعش کی شناخت ہوتے ہی ان کے رشتہ داروں نے پولیس اسٹیشن کے پاس پہنچ کر شدید احتجاج کیا۔
لڑکی کے بھائی نے بتایا کہ گمشدگی کی شکایت درج کروانے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچنے پر انہیں جھڑک کر وہاں سے بھجوا دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی جناب ماجد حسین رکن اسمبلی مجلس اتحاد المسلمین نے متوفی کے رشتہ داروں کے ساتھ ڈی سی پی سائی چیتنیہ نے ملاقات کر کے انہیں تفصیلات سے واقف کروایا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔
رکن اسمبلی نے گمشدگی کی شکایت درج نہ کرنے اور لڑکی کو تلاش کرنے میں لاپرواہی کرنے والوں کے پولیس عہدیداروں کے خلاف اعلی عہدیداروں سے بھی شکایت کرتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔اسی دوران کمشنر پولیس سرینواس ریڈی نےحبیب نگر پولیس اسٹیشن پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں اور گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے میں لاپرواہی پر سب انسپکٹر شیوا کو معطل کر دیا گیا، ساتھ ہی انسپکٹر پولیس کو چارج میمو جاری کیا گیا۔