
بھارت جاگروتی کی بانی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کے کویتا نے کہا کہ وہ پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گیں ۔ کویتا نے تلنگانہ اسمبلی کے احاطہ میں جیوتی راؤ پھولے کے مجسمہ کی تنصیب کے مطالبہ پر خواجہ منشن مانصاحب ٹینک میں منعقدہ گول میز کانفرنس سے صدارتی خطاب کیا۔
کے کویتا نے کہا کہ بھارت جاگروتی پسماندہ اور پچھڑے طبقات کے مسائل کی یکسوئی کے لئے مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جاگروتی پارلیمنٹ میں خواتین تحفظات بل کی منظوری کے لئے کامیاب تحریک چلائی۔ کویتا نے کہا کہ پسماندہ طبقات اور خواتین کے کاز کے جیوتی راؤ پھولے چمپین رہے ہیں۔بی سیز کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے جیوتی راؤ پھولے نے گراں قدر خدمات انجام دیں ۔ایسی عظیم شخصیت کا مجسمہ احاطہ تلنگانہ اسمبلی میں نصب کیا جا نا چاہئے تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف ہو اور ہمیں تحریک ملتی رہے۔
کویتا نے کہا کہ جیوتی راؤ پھولے کے مجسمے کی تنصیب میں سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ آج مختلف گوشوں سے سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا پھولے کے مجسمے کی تنصیب سے بی سیز کے ساتھ انصاف ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عظیم شخصیات کی یادگاریں اور مجسموں کی تنصیب سے ہمیں تحریک ملے گی اور پسماندہ طبقات اور مظلومین کے لئے کام کرنے کا مزید جذبہ فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تعمیر ہونی چاہیے اور کسی بھی معاملے کو سیاست سے ہرگز جوڑا نہیں جانا چاہیے ۔
بی آر ایس لیڈر نے کہا کہ بی سیز کی ترقی کے لئے اقدامات کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ کویتا نے کہا کہ بھارت جاگروتی روز اول سے ہی بی سیز کے مسائل کے لئے آواز اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی سیز کے حقوق کے حصول کے لئے بھارت جاگروتی اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔ ہم ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 11 اپریل تک جیوتی راؤ پھولے کے مجسمے کی احاطہ اسمبلی میں تنصیب کو یقینی بنائے۔
بھارت جاگروتی کی صدر نے کہا کہ آج ملک بھر میں پسماندہ طبقات مسائل کا شکار ہیں۔ بی سیز پر مظالم ہو رہے ہیں۔ ہمارا جمہوری ملک کس طرف جا رہا ہے اس پر غور و فکرکرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جاگروتی کے زیر اہتمام متعدد سماجی پروگرامس کامیابی کے ساتھ منعقد کئے گئے ہیں۔ ہم نے متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں احاطہ اسمبلی میں معمار دستور بی آر مبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے لئے جدوجہد کی اور بھارت جاگروتی کی تحریک اور کامیاب نمائندگی کا نتیجہ ہے کہ احاطہ قانون ساز اسمبلی میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب عمل میں آئی۔
کویتا نے کہا کہ بھارت جاگروتی کے تحت مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ بی سیز سے کئے گئے اپنے وعدوں کو فی الفور عملی جامہ پہنائیں۔ کویتا نے کہا کہ تحریکات اور احتجاج بھارت جاگروتی کی تاریخ رہی ہے ۔ہم نے خواتین تحفظات بل کے لئے تحریک چلائی اور آخر کار مرکزی حکومت کو خواتین تحفظات بل کو منظور کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تحفظات بل میں او بی سی خواتین کے لئے کوٹہ مختص نہیں کیا گیا ہے ۔اس مقصد کے لئے بھی ہم پورے اخلاص کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور او بی سی خواتین کو کوٹہ کے اختصاص تک ہماری لڑائی جاری رہے گی۔
کویتا نے جیوتی راؤ پھولے کے مجسمے کی تنصیب کو سیاسی رنگ دینے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بی سیز کی بھلائی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جاگروتی تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے باضابطہ طور پر سماجی مصلحین کی یوم پیدائش تقاریب کا بڑے پیمانے پر اہتمام کر رہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بی سیز کو مارکیٹ کمیٹیوں میں تحفظات کی فراہمی عمل میں لائی گئی۔ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں بی سیز کی فلاح و بہبود کے لئے نمایاں خدمات انجام دی گئی ہیں ۔
بی آر ایس نے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے کروڑ ہا روپیہ صرف کیے جس کی ملک کی کوئی اور ریاست میں نظیر نہیں ملتی ۔آج جب کہ بی آر ایس اقتدار میں نہیں ہیں ۔ لیکن بی سیز کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے اپنی جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے۔ وہ کسی بھی حکومت کو بی سیز کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے پر مجبور کریں گے۔
بھارت جاگروتی نے بی سیز کے مسائل کی یکسوئی ،ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کے پہلے قدم کے طور پر سماجی مصلحین کے مجسموں کی تنصیب کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ کانفرنس کے دوران بی سیز کے مفادات کے تحفظ کے لئے عہد کیا گیا اور نعرے بلند کئے گئے۔ گول میز کانفرنس کے دوران اذان کی آواز پر تقریب کو احتراماً روکا گیا۔