
حیدرآباد ۔ ایک نامعلوم شخص نے شہر کے علاقہ سکندرآباد میں بلیڈ سے دو افراد پر قاتلانہ حملہ کردیا، اس حملے میں ایک کی موت ہوگئی ، دوسرا شدید زخمی بتایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایس پی روڈ پرحملہ آور نے ایک 45 سالہ شخص سے رقم کا مطالبہ کیا۔ انکار پر اس نے بلیڈ سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں 45 سالہ زخمی ہوگیا۔ زخمی کو علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔
اس واقعہ کے بعد حملہ آور نے جوبلی بس اسٹینڈ کے فٹ پاتھ پر رہنے والے متھن یادو سے رقم طلب کی۔ انکار پر حملہ آور نے اس پر بھی بلیڈ سے حملہ کردیا۔ جس کے نتیجے میں یادو زخمی ہوگیا۔ زخمی اور مہلوک فٹ پاتھ پر سو رہے تھے۔
پولیس نے لاش کو گاندھی اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ پولیس نے حملہ آور کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا کیس درج کرکے چھان بین شروع کر دی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ قاتل کو گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس نے حملہ آوار کو گرفتار کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہے۔