
حیدرآباد ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے ڈی جی سی وی آنند نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عہدہ داروں، عوامی نمائندوں اور دیگر پیشہ ور افراد کے نام سے نقلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بناکر رقم طلب کر کے دھوکہ دینے والوں سے ہوشیار رہیں۔
سی وی آنند نے کہا کہ ان کے نام سے فیس بک انسٹاگرام پر نقلی اکاؤنٹس کھولتے ہوئے سادہ لوح افراد کو سائبر دھوکے بازوں نے دھوکہ دینے کی کوشش کی تاہم حیدرآباد سائبر کرائم پولیس سے شکایت کی گئی اور پولیس کی خصوصی ٹیم نے راجستھان جا کر ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے عوام سے اس طرح کے معاملات میں چوکنا رہنے کی خواہش کی ہے۔انہوں نے سائبر دھوکے بازوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے گزشتہ سال حیدرآباد سٹی سیکورٹی کونسل کے زیر اہتمام منعقد سائبر سیکورٹی سمٹ میں “ایزی منی۔ فری منی کہیں نہیں ” کے زیر عنوان نامور فلم ساز راجہ مولی کی جانب سے دیے گئے بیان کا ویڈیو شیئر کیا۔