
حیدرآباد۔ تلنگانہ پی سی سی کے نائب صدر نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو شکایت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تلنگانہ میں بی آرایس پارٹی کی جانب سے رعیتوبندھو اسکیم کا غلط استعمال کیاجارہا ہے۔انہوں نے مرکزی الیکشن کمیشن کو لکھے گئے مکتوب جس کی نقل میڈیا کے لئے جاری کی گئی، میں کہاکہ مرکزی الیکشن کمیشن نے رعیتوبندھو اسکیم کے تحت کسانوں کو رقم دینے کی ریاستی حکومت کو اجازت دی ہے تاہم انہوں نے دعوی کیا کہ بی آرایس پارٹی اپنے سیاسی فائدہ کے لئے اس اسکیم کا غلط استعمال کررہی ہے۔
نرنجن نے دعوی کیا کہ بی آرایس کے لیڈران رعیتوبندھواسکیم کو رائے دہندوں کو راغب کرنے کا ایک ذریعہ قراردیتے ہوئے یہ جھوٹا دعوی کررہے ہیں کہ وہ شخصی طورپر یہ رقم تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے اس اسکیم کی رقم کی تقسیم میں کانگریس کی جانب سے رکاوٹ پیدا کرنے سے متعلق بی آرایس کے الزامات کی تردید کی۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ محبوب آباد اور آلیر میں انتخابی مہم کے دوران وزیر ہریش راو نے الزام لگایا کہ کانگریس نے اس اسکیم میں رکاوٹ پیدا کی۔انہوں نے کمیشن پر زوردیا کہ وہ بی آرایس پارٹی کو سیاسی مہم کے دوران رعیتوبندھو اسکیم کی رقم کی تقسیم کا ذکر کرنے سے روکے۔