
ایم آئی ایم لیڈر،اکبر الدین اویسی پر سنتوش نگر پولیس اسٹیشن میں آج مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ساوتھ ایسٹ زون، کے ڈی سی پی،بی روہت راجو نے بتایا کہ دفعہ 353 (ڈیوٹی میں رکاوٹ) اور آئی پی سی کی دیگر دفعات کے تحت اکبر الدین اویسی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
منگل کی رات مجلس کےفلور لیڈر اکبر الدین پرانےشہر کے للیتا باغ ڈیویژن میں انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔پولیس انسپکٹر نے قائد مجلس کو قبل از وقت جلسہ ختم کردینے کو کہا تھا جس پر اکبر الدین اویسی نے انسپکٹر سے کہا تھا کہ ابھی پانچ منٹ کا وقت باقی ہے۔ اوروہ بخوبی جانتے ہیں کہ ابھی پانچ منٹ کا وقت باقی ہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہورہا ہے۔
مجلس کےصدر، اسد الدین اویسی نے بتایا کہ عیدی بازار میں انتخابی جلسہ سے اکبر اویسی خطاب کررہے تھے۔اسی دوران جلسہ کا مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل متعلقہ انسپکٹرپولیس نے کہا کہ جلسہ کا وقت ختم ہوچکا ہے، حالانکہ ابھی وقت باقی تھا، یہ سنتے ہی قائد مجلس مقننہ برہم ہوگئے اورانھوں نے گھڑی دکھاتے ہوئے دو ٹوک انداز میں کہا کہ گھڑی ان کے پاس بھی ہے۔
اکبرالدین اویسی نے کہا کہ ان پر مقدموں کا انبار لگا رہتا ہے۔ وہ اس سے نہیں ڈرتے۔ اس معاملے کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ پولیس میں شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔اسٹیج پر پولیس انسپکٹر آچکا تھا۔ 10 بجنے میں ابھی 5 منٹ کم تھے۔ لیکن وہ جلسہ کو پہلے ہی ختم کرنا چاہتے تھے۔جب 10 بجے تک جلسے کی اجازت ہے تو وہ مجھے کیسے روکے گا؟
ادھر بی جےپی، نے اکبر الدین اویسی معاملے پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ مجلس، بی آر ایس اور کانگریس نے پرانہ شہر میں جرائم کو فروغ دیا ہے۔ اب شہر میں موجود جرائم کی گندگی کو صاف کرنے کا وقت آگیا ہے۔بی جے پی حکومت میں اکبرالدین کی اس حرکت پر بلڈوزر کا روائی ہوگی۔